تازہ ترین

امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان کا دورہ پاکستان ملتوی

واشنگٹن: امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد کا دورہ پاکستان ملتوی ہوگیا، انہیں اٹھارہ سے بیس فروری کے دوران پاکستان کا دورہ کرنا تھا۔

تفصیلات کے مطابق سفارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ زلمے خلیل زاد کو اٹھارہ سے بیس فروری کے دوران پاکستان کا دورہ کرنا تھا تاہم اب وہ شیڈول میں نہیں ہے۔

پچیس فروری کو دوحہ مذاکرات سے پہلے زلمے خلیل زاد پاکستان کا دورہ نہیں کریں گے، پلوامہ حملے کے بعد امریکا کی جانب سے پاکستان مخالف بیانات سے یہ صورتحال سامنے آئی ہے۔

امریکا کی جانب سے افغان امن عمل میں تعاون بھلا کر پاکستان پر الزام عائد کیے گئے، زلمے خلیل زاد ہر ماہ طالبان مذاکرات سے پہلے پاکستان کا دورہ کرتے رہے ہیں۔

سفارتی ذرائع کا کہنا تھا کہ نئی کشیدگی کی وجہ حالیہ امریکی بیانات اور واشنگٹن کی ڈبل پالیسی ہے۔

افغان مفاہمتی عمل، زلمےخلیل زاد پاکستان سمیت 6 ممالک کے دورے پر روانہ

قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت دیگر اعلیٰ حکام افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کے کلیدی کردار کو سراہا ہے۔

خیال رہے کہ گیارہ فروری کو افغان مفاہمتی عمل پر پیش رفت کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی زلمےخلیل زاد پاکستان سمیت 6 ممالک کے دورے پر روانہ ہوئے تھے۔

یاد رہے کہ گذشتہ دنوں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زلمے خلیل زاد نے کہا تھا کہ پوری کوشش کررہے ہیں افغانستان میں جولائی سے قبل طالبان سے معاہدہ طے پاجائے، چاہتے ہیں پاکستان افغان امن میں مزید کردار ادا کرے، طالبان سے بات چیت بالکل ابتدائی مرحلے میں ہے، ایک لمبے سفر کے آغاز کے ابھی دو تین قدم ہی اٹھائے ہیں۔

Comments

- Advertisement -