واشنگٹن : ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے ڈونلڈ ٹرمپ پر حملے کی منصوبہ بندی کے پاکستانی ملزم پر عائد فرد جرم سے متعلق اہم بیان جاری کردیا۔
واشنگٹن میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران میڈیا کی جانب سے سوال کیا گیا کہ اس ملزم گرفتاری پر پاکستان سے کس نوعیت کی بات چیت ہورہی ہے؟
جس کے جواب میں ترجمان میتھیو ملر نے گرفتار پاکستانی ملزم آصف مرچنٹ سے متعلق تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ آپ سے ایک فرد جرم پر بات کرنے کیلئے محکمہ انصاف سے رجوع کرنے کا کہوں گا۔
ایک سوال کے جواب میں امریکی ترجمان نے کہا کہ میرے پاس اس مسئلے پر گفتگو کرنے کے لیے کچھ نہیں ہے۔ اپنے لوگوں بشمول سابق عہدیداروں کو خطرات بچانے کیلئے جو ضروری ہوگا کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران سے آنے والے خطرات سے بچنے کیلئے جو ضروری ہے کرتے رہیں گے، یہ ایک ایسا معاملہ ہے جو محکمہ انصاف کی طرف لے جانا چاہیے۔
میتھیو ملر سے سوال کیا گیا کہ کیا پاکستان کے ذریعے ایران کو کوئی پیغام بھیجا گیا ہے؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ آپ مجھ سے قانونی معاملے سے متعلق پوچھ رہے ہیں جو محکمہ انصاف کا موضوع ہے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے مزید کہا کہ اس معاملے پر فی الحال ابھی کوئی بات نہیں کر سکتا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے قتل کی منصوبہ بندی کے الزام میں امریکا کی عدالت میں ایک پاکستانی شہری پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔
ترجمان وائٹ ہاؤس نے گرفتار پاکستانی ملزم کی ٹرمپ پر حملے میں ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ آصف مرچنٹ کا قاتلانہ حملے سے کوئی تعلق نہیں۔