پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

باجوڑ خود کش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں، امریکی محکمہ خارجہ

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن : امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ کے ضلع باجوڑ میں خودکش بم دھماکے کی "سخت ترین الفاظ میں” مذمت کرتے ہیں۔

واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران خودکش حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کو ایسی دہشت گردی کی کارروائیوں کاشکار نہیں ہونا چاہیے۔

اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام نے دہشت گردوں کے ہاتھوں اب تک بہت نقصان اٹھایا، ایسے حملے تمام پرامن اور جمہوری معاشروں کی توہین ہیں۔

اس موقع پر ترجمان میتھیو ملر نےخطے میں دہشت گردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے امریکی عزم کا بھی اظہار کیا۔

نمائندہ اےآر وائی نیوز کی جانب سے دہشت گردی کی روک تھام میں افغان حکومت کے کردار سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں محکمہ خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ امریکہ نے طالبان پر واضح کر دیا ہے کہ افغان سرزمین کسی ملک کے خلاف دہشت گردی کے اڈے کے طور پر استعمال نہیں ہونی چاہیے۔

امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان نے مزید کہا کہ امریکہ دہشت گردی کی لعنت سے نمٹنے کے لیے پاکستانی حکومت کی کوششوں کی تعریف اور بھرپور حمایت کرتا ہے اور پاکستان میں انسداد دہشت گردی کی صلاحیت بڑھانے کے کئی پروگراموں کے لیے تعاون کررہے ہیں، اس سے قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے تحفظ کو فروغ ملے گا، اس طرح کے فنڈز قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انصاف کے شعبے پر مرکوز ہیں۔

امریکی ترجمان نے واضح کیا کہ ہم پاکستان کو چین اور دنیا بھر کے ممالک کی سرمایہ کاری کے حوالے سے نہیں دیکھتے، ایسی سرمایہ کاری جو شفافیت اور ذمہ دار قرض کےانتظام کو فروغ دیتی ہے ہماراخیال ہے کہ وہ مناسب ہے۔

اہم ترین

جہانزیب علی
جہانزیب علی
جہانزیب علی اے آر وائی نیوز امریکا میں بطور بیورو چیف فرائض انجام دے رہے ہیں

مزید خبریں