ہفتہ, اپریل 19, 2025
اشتہار

ٹرمپ روس یوکرین جنگ کے پاگل پن کا مکمل خاتمہ چاہتے ہیں، امریکی محکمہ خارجہ

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن: ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ روس یوکرین جنگ کے پاگل پن کا مکمل خاتمہ چاہتے ہیں۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ امن کیلئے پُرعزم ہیں، وزیرخارجہ مارکو روبیو، خصوصی سفیر وٹکوف اس وقت پیرس میں ہیں، امریکی وفد روس یوکرین جنگ کے خاتمے کےلیے ملاقاتیں کرےگا۔

ٹیمی بروس نے کہا کہ روس یوکرین جنگ کے خاتمے کیلئے یورپین شراکت داروں سے بھی بات ہوگی، صدرٹرمپ کہہ چکے ہیں کہ جنگ کبھی شروع ہی نہیں ہونی چاہیے تھی۔

ترجمان نے بتایا کہ امن کے حوالے سے روس کے ارادے جلد واضح ہوجائیں گے، ایران کےساتھ مذاکرات کا دوسرا دور روم میں آئندہ ہفتے ہوگا، ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیے جائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ ایران کو سویلین نیوکلیئر ٹیکنالوجی کی اجازت ہوگی یا نہیں کچھ نہیں کہا جاسکتا، ٹیرف کسی ملک کو سزا دینے کیلئے عائد نہیں کیے جارہے۔

ٹیمی بروس نے کہا کہ چین کی کمپنی حوثیوں کو امیج سیٹلائٹ مہیا کرنےمیں ملوث ہے، ہم چین کے ساتھ اس معاملے پر بات چیت کررہے ہیں۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ غزہ کی صورتحال کو بہتر کرنے کی کوشش کر رہے، افغانستان میں دہشت گرد گروہوں کی موجودگی پر سوال کیا گیا کہ یمن کی طرز پر افغانستان میں کب فوجی کارروائی کی جائےگی؟

ٹیمی بروس نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں سے نمٹنے کیلئے آپ ہماری کوشش دیکھ رہے ہیں، افغانستان کے حوالے سے کیا آپشن ہوں گے کچھ نہیں کہہ سکتی۔

انھوں نے کہا کہ دہشت گردی روکنے کےلیے عالمی کوشش جاری ہے، خطے کی اہمیت کے حوالے سے نیٹو کو مضبوط ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں، امریکا کو پوری دنیا میں ہونے والی دہشت گردی سے نمٹنا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں