واشنگٹن : ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے انٹونی بلنکن کی اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک گفتگو کی تفصیلات بتادیں اور کہا وزرائے خارجہ نے گفتگومیں مضبوط شراکت داری کی توثیق کی۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے پریس کانفرنس کے دوران وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کی پاکستانی ہم منصب سے ٹیلیفونک گفتگو کی تفصیلات پر سوال کے جواب میں کہا کہ انٹونی بلنکن نے اسحاق ڈارسےگفتگومیں مضبوط شراکت داری کی توثیق کی۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کی خوشحالی کو آگے بڑھانے پر بات ہوئی اور پاکستانی وزیر خارجہ نے تجارتی اور سرمایہ کاری کی شراکت کو وسعت دینے پر گفتگو کی۔
میتھیو ملر نے مزید کہا کہ وزرائے خارجہ گفتگو میں انسداد دہشت گردی پر جاری تعاون کی اہمیت پر تبادلہ خیال ہوا جبکہ ٹیلی فونک کال میں خواتین کومعاشی طورپر بااختیار بنانے پربھی بات ہوئی۔