ٹیکساس: امریکا نے دو ریاستوں میں کرونا وبا کی پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکا کی ریاست ٹیکساس اور مسی سپی میں کرونا پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ٹیکساس میں کاروبار اگلے ہفتے مکمل بحال کر دیا جائے گا، جب کہ ریاست مسی سپی میں کل سے تمام کاروبار کھول دیا جائے گا۔
تاہم سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول (سی ڈی سی) کی ڈائریکٹر ڈاکٹر روشیل والسنکی نے ان ریاستوں میں کرونا وبا سے متعلق اقدامات واپس لینے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ سخت محنت کے بعد کرونا وائرس پر قابو پانے میں جو کامیابی حاصل کی گئی ہے، اسے کھونے کا خدشہ ہے، انھوں نے ریاستوں سے کہا ہے کہ پابندیاں ہٹانے میں جلد بازی نہ کی جائے۔
انھوں نے وائٹ ہاؤس میں نیوز بریفنگ کے دوران کہا جنوری سے کو وِڈ 19 کے کیسز میں ہم جو کمی دیکھ رہے تھے، اب وہ پھر سے روزانہ 70 ہزار نئے کیسز میں تبدیل ہو چکی ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ زندگی اگلے سال سے پہلے نارمل نہیں ہو سکے گی۔
واضح رہے کہ امریکا میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد اب 2 کروڑ 93 لاکھ، 84 ہزار ہو چکی ہے، جب کہ اموات کی تعداد بڑھ کر 5 لاکھ 29 ہزار 500 ہو گئی ہے۔
گزشتہ روز امریکا بھر میں کرونا سے ہونے والی نئی اموات کی تعداد 1,989 ہے، جب کہ 57 ہزار کے قریب کیسز سامنے آئے۔