تازہ ترین

امریکا میں تارکین وطن کے لیے گرین کارڈ کے حوالے سے بری خبر

واشنگٹن: امریکا میں تارکین وطن کے لیے گرین کارڈ کے حوالے سے یہ بری خبر آئی ہے کہ حکومت پر بوجھ بننے والے امیگرنٹس کو گرین کارڈ جاری نہیں کیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی سپریم کورٹ نے امیگریشن پبلک چارج قانون پر عمل درآمد کی اجازت دے دی ہے، سپریم کورٹ میں اس متنازعہ قانون کو 4 کے مقابلے میں 5 ووٹوں سے منظور کر لیا گیا۔

نئے قانون کے مطابق حکومتی فنڈز حاصل کرنے والے امیگرنٹس آیندہ گرین کارڈ حاصل نہیں کر سکیں گے، عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پبلک فنڈز استعمال کرنے والے تارکین وطن امریکی شہریت کے اہل نہیں ہوں گے۔

نئے قانون کی منظوری کے بعد اب عوامی سہولیات جیسا کہ میڈیکل ایڈ، فوڈ اسٹیمپس اور ہاؤس واؤچرز سے تھوڑے بھی مستفید ہونے والے امیگرنٹس امریکی شہریت کے اہل نہیں رہے ہیں۔ عدالت نے اس سلسلے میں ٹرمپ انتظامیہ کو اپنے منصوبے کے ساتھ آگے بڑھنے کی اجازت دے دی ہے۔

نئی پالیسی کے تحت امیگریشن آفسز قانونی طور پر آنے والے تارکین وطن کو گرین کارڈ دینے سے انکار کر سکتے ہیں اگر وہ عوامی سہولیات استعمال کر رہے ہوں گے، تارکین وطن کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ وہ امریکا پر بوجھ نہیں بنیں گے اور عوامی سہولیات استعمال نہیں کریں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل جو قانون تھا اس کے تحت غیر نقد سہولیات جن میں فوڈ اسٹیمپ اور میڈیکل ایڈ اور ہاؤس واؤچرز شامل ہیں، حاصل کرنے والے لوگوں کو پبلک چارجز تصور نہیں کیا جاتا تھا، تاہم اب انھیں پبلک چارجز تصور کیا جائے گا اور وہ گرین کارڈ سے محروم رہیں گے۔

Comments

- Advertisement -