واشنگٹن : امریکا نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے شہباز شریف حکومت پر سیلاب متاثرین کی رقم کھانے کے الزامات کے حوالے سے بیان کا نوٹس لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر کی پریس کانفرنس کے دوران صحافی نے سوال کیا کہ بلاول بھٹو نے شہباز شریف پر سیلاب متاثرین کی رقم کھانے کا الزام عائد کیا ہے؟ کیا امریکا امداد کیلئے دی جانے والی رقم کے غلط استعمال پر نظر رکھتا ہے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی اطلاعات کوہم بہت سنجیدگی سےلیتےہیں، دنیا میں جہاں بھی امریکی ٹیکس دہندگان کے ڈالراستعمال ہوتے ہیں سنجیدہ معاملہ ہے۔
انھوں نے بتایا کہ امداد کے غلط استعمال سے انسانی مفادات کو داؤ پر لگا دیا جاتاہے، یو ایس ایڈ کے ذریعے امداد کی فراہمی کی نگرانی کا ایک سخت نظام استعمال کیا جاتاہے، امداد کا غلط استعمال ہوتے دیکھ کر اس امداد کو بند کر دیتے ہیں۔
یاد رہے بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے سیلاب زدگان کے لیے 400 ملین ڈالر کا قرضہ اور امداد حاصل کی، جسے وفاقی حکومت نے مبینہ طور پر اپنے لیے مختص کیا ہے۔
پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک سے حاصل کردہ 400 ملین ڈالر وفاقی حکومت نے اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں، جو انہیں اس بہانے سے روپے فراہم کر رہی ہے کہ وہ منصوبوں کے لیے استعمال ہوں گے۔
انہوں نے حالیہ برسوں میں ایک بھی گھر کی تعمیر میں ناکامی پر وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور زور دیا کہ فنڈز سیلاب زدگان کے لیے بھیجے جائیں۔