اسلام آباد : امریکی ٹیرف کے ایشیائی ممالک پر اثرات کے حوالے سے ایشیائی ترقیاتی بینک کی تجزیاتی رپورٹ سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے امریکی ٹیرف کے ایشیائی ممالک پر ممکنہ اثرات پرتجزیاتی رپورٹ جاری کردی۔
جس میں کہا کہ ترقی پذیر ایشیائی خطہ امریکی ٹیرف سے سب سے زیادہ متاثر ہوگا، ترقی پذیر ایشیائی خطے میں پاکستان امریکی ٹیرف کی زدمیں آنیوالا 14واں بڑاملک ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ جنوبی ایشیا خطے میں پاکستان امریکی ٹیرف کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے، سری لنکاکی مصنوعات پر 44فیصد،بنگلادیش پر 37 فیصد ٹیرف عائد کیا گیا۔
اے ڈی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان پر امریکی انتظامیہ نے 29 فیصد ٹیرف عائد کیا ہے جبکہ بھارت 26فیصد، افغانستان ، مالدیپ، نیپال اور بھوٹان پر شرح 10فیصد ہے، ترقی پذیر ایشیائی خطے میں سب سےزیادہ ٹیرف کمبوڈیا پر 49 فیصد عائد کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ ٹیرف والے دنیا کے 10 ممالک میں سے5کا تعلق ایشیا سے ہے۔
اے ڈی بی نے مزید کہا کہ تانبہ،ادویات، سیمی کنڈکٹرز، لکڑی کی اشیاکو اضافی ٹیرف سےمستثنی قرار دیا گیا ہے تاہم توانائی کی مصنوعات اورادویات پر بھی اضافی امریکی ٹیرف لگنے کا خدشہ ہے، یہ اضافی ٹیرف یامحصولات پہلے سے عائد کردہ ٹیکس کے علاوہ ہوں گے ، امریکی ٹیرف کا مقصد تجارتی خسارہ کم کرنا ہے۔