بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

امریکی نائب صدر کی ناصرالملک کو نگراں وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن : امریکی نائب صدر نے ناصرالملک کو نگراں وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نگراں حکومت کیلئے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم ناصرالملک سے امریکی نائب صدر مائیک پینس کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا ، امریکی نائب صدر نے ناصرالملک کو نگراں وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں کا پاک امریکا تعلقات مضبوط بنانے کی اہمیت پر اتفاق ہوا جبکہ افغانستان میں امن کے مشترکہ ہدف کے حصول کی کوششیں جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

نائب امریکی صدر نے کہا توقع ہے ناصرالملک پاکستان میں انتخابات کرانے کے مینڈیٹ کو پورا کریں گے۔

مائیک پینس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نگراں حکومت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

نگران وزیراعظم ناصر الملک نے امریکی نائب صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ منتخب حکومت کو اقتدار کی منتقلی کے لیے تمام اقدامات بروئے کار لائیں گے۔

یاد رہے کہ نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک نے یکم جون کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا ، تقریب حلف برداری کے بعد نگراں وزیراعظم وزیراعظم ہاؤس پہنچے تھے، جہاں ان کے اعزاز میں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا تھا۔

نگراں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جو میرا مینڈیٹ ہے اس کے مطابق کام کروں گا، شفاف انتخابات کا انعقاد اولین ترجیح ہے، انشا اللہ عام انتخابات بر وقت ہی ہوں گے۔

واضح رہے کہ عام انتخابات 2018 کا انعقاد 25 جولائی کو کیا جائے گا، جس کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے شیڈول جاری کیا جاچکا ہے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں