واشنگٹن: امریکی تاریخ میں پہلی بار ایک خاتون نائب صدر منتخب ہوگئیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدارتی انتخابات میں جوبائیڈن کی کامیابی کے بعد جنوبی ایشیائی نژاد کملا ہیرس امریکا کی نائب صدر منتخب ہوگئیں۔
نائب صدر کمالہ ہیرس کون ہیں؟
امریکی صدارتی انتخاب کی تاریخ میں کمالہ ہیرس نائب صدر کے عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خاتون ہیں۔
کمالہ ہیرس 20 اکتوبر1964امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر آکلینڈ میں پیدا ہوئیں۔ کمالہ 2003 میں سان فرانسیکو کی اعلیٰ ڈسٹرکٹ اٹارنی منتخب کی گئیں، 2010 اور 2014 میں کمالہ نے کیلیفورنیا کی اٹارنی جنرل کی حیثیت سے فرائض انجام دیے۔
کمالہ 1984 میں ڈیموکریٹک جیرالڈین فریرو اور 2008 میں ریپبلکن سارہ پیلن کے بعد کسی بڑی جماعت کے لیے تیسری خاتون اور پہلی سیاہ فام خاتون نائب صدارتی امیدوار تھیں جنہوں نے اب کامیابی حاصل کرلی ہے۔
دوسری جانب جوبائیڈن نے 20 نومبر 1942 کو امریکی ریاست پینسلوانیا کے شہر اسکرینٹن کے ایک محنت کش آئرش کیتھولک خاندان میں آنکھیں کھولیں۔
سن 1968 میں قانون کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد1972 میں ریاست ڈلاویئر کی ڈیموکریٹک پارٹی سے بطور کامیاب سینیٹ امیدوار اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا۔ 1973 سے2009 تک ایک کامیاب سینیٹر کی حیثیت سے اپنے فرائض سرانجام دیے۔