لاہور: عثمان بزدار نے ناراض ارکان سے رابطوں کا فیصلہ کر لیا ہے، تاہم اس سلسلے میں ترین گروپ کے فیصل حیات جبوآنہ نے ان کے ساتھ ملاقات سے انکار کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آج صوبائی وزرا سے مشاورت کی، ملاقات میں اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے اور آئندہ کے لائحہ عمل پر گفتگو کی گئی۔
صوبائی وزرا نے وزیر اعلیٰ پنجاب پر مکمل اعتماد کا اظہار کر دیا، عثمان بزدار نے پنجاب میں بھی ناراض ارکان اسمبلی سے رابطوں کا فیصلہ کیا، اور ناراض ارکان اسمبلی سے رابطوں کے لیے وزرا کو ٹاسک دے دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کو مختلف گروپوں سے ملاقاتوں سے روک دیا گیا ہے، دوسری طرف ناراض اراکین اسمبلی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
‘عثمان بزدار قبول نہیں’، جہانگیر ترین گروپ کا پرویز الہیٰ کو جواب
ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب سے مشیر لائیو اسٹاک فیصل حیات جبوآنہ نے ملاقات سے انکار کر دیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے آج ترین گروپ اور سپر میسی گروپ کے افراد سے رابطہ کیا تھا، اور عثمان بزدار کی آج ترین گروپ کے فیصل حیات جبوآنہ سے ملاقات طے تھی۔
ذرائع کے مطابق فیصل جبوآنہ نے ملاقات کرنے سے انکار کر دیا، وہ اپنے آبائی علاقے جھنگ میں ہی موجود ہیں، فیصل حیات مشیر لائیو اسٹاک اور ترین گروپ کے رہنما ہیں۔