حافظ آباد : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب کو ایک ماڈرن صوبہ بنائیں گے، ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والے اپنا دور بھول گئے۔
حافظ آباد میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا جلسے سے خطاب میں کہنا تھا کہ ہم پوری دیانت داری سے عوام کی خدمت کررہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ پنجاب کو ایک ماڈرن صوبہ بنائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ صوبے کے تمام علاقوں میں برابر ترقیاتی کام ہوں، شمالی اور جنوبی پنجاب سمیت سب کو ان کاحق دینا چاہتے ہیں، ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والے اپنا دور بھول گئے۔
،عثمان بزدار نے اپنے خطاب میں کہا کہ جلسہ گاہ آنے پر حافظ آباد کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، قوم مسئلہ کشمیر پر واضح مؤقف اختیار کرنے پر وزیراعظم کی شکر گزار ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہی عوام کو سکھایا کہ اپنا حق کیسے مانگا جاتا ہے، وزیراعظم نے اصولی سیاست کی اور ذاتی مفادات کو بیچ میں نہ آنے دیا۔
قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان نے حافظ آباد جاتے ہوئے پہلے پاکپتن میں بابا فرید گنج شکر ؒ کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی جس کے بعد وہ واپس حافظ آباد آئے۔