لاہور : وزاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عوام کو ماضی کے حکمرانوں کی غلط ترجیحات کا خمیازہ بھگتنا پڑرہا ہے، اپوزیشن جماعتوں کے پاس عوام کی فلاح کا کوئی ایجنڈا نہیں۔
یہ بات انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سابق ادوار میں سیاست کے ساتھ ماحول کو بھی آلودہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن سے سیاست کو اور بے ہنگم انفرااسٹرکچر سے ماحول کو گندا کیا گیا، عوام کو سیاسی اور ماحولیاتی کثافتوں سے نجات دلائیں گے، عوام کو ماضی کے حکمرانوں کی غلط ترجیحات کا خمیازہ بھگتنا پڑرہا ہے۔
اپوزیشن جماعتون کی آل پارٹیز کانفرنس سے متعلق سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ یہ مسترد سیاستدانوں کی بیٹھک ہے، سیاسی بے روزگار ذہن نشین رکھیں عوامی پذیرائی احتجاجی سیاست سے نہیں بلکہ عوام کی خدمت سے ہی ملتی ہے۔ عوام کے مسترد شدہ عناصرکے ہاتھ پہلے کچھ آیا ہے نہ آئندہ آئے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں اسموگ کی بڑی وجہ سابق ادوار میں درختوں کی بےدریغ کٹائی ہے، کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام پر کامیابی سے عمل درآمد جاری ہے، ماحولیاتی تحفظ، جنگلات میں اضافے کیلئے مؤثر اقدامات کررہے ہیں، نجی اور سرکاری اراضی پر شجر کاری کے بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔