لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ہم سرکاری خزانے کے امین ہیں،کسی کو بھی قومی وسائل کی لوٹ مار نہیں کرنے دیں گے، عوام کا پیسہ عوام پر خرچ ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجان اسمبلی کے اراکین سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صوبے کے مختلف اضلاع کے اراکین اسمبلی نے ملاقات کی۔
اراکین نے وزیراعلیٰ پنجاب کو اپنے حلقوں کے مسائل اور ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا، وزیراعلیٰ نے ان کے مسائل کے حل کیلئے موقع پرہی متعلقہ حکام کوہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ماضی میں نمائشی منصوبوں پر قومی خزانہ بے دریغ طریقے سے لٹایا گیا جبکہ ہماری حکومت نے سابق ادوار کی غلط روایت کا خاتمہ کیا ہے، قومی وسائل کو ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کرنا ملک سے خیانت ہے۔
وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہم سرکاری خزانے کی پائی پائی کے امین ہیں، کسی کو بھی قومی وسائل کی لوٹ مار نہیں کرنے دیں گے، اب عوام کا پیسہ عوام کی خدمت پر ہی خرچ ہوگا، حکومت عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائے گی۔