لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ٹڈی دل کےخاتمےکی مہم کیلئے اپنا ہیلی کاپٹر وقف کردیا جبکہ محکموں اور اداروں کو فصلوں کوبچانے کیلئے 24گھنٹے الرٹ رہنے کا حکم بھی دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نےٹڈی دل کےخاتمےکی مہم کیلئےاپناہیلی کاپٹروقف کردیا اور کہا ٹڈی دل کی سرویلنس کیلئے ہیلی کاپٹر کو استعمال میں لایا جا سکے گا۔
عثمان بزدارنے زراعت،پی ڈی ایم اے حکام کو ہیلی کاپٹر کے استعمال کی ہدایت جاری کرتے ہوئے محکموں،اداروں کو ٹڈی دل سے فصلوں کو بچانے کیلئے 24گھنٹے الرٹ رہنے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جون،جولائی میں ٹڈی دل کےممکنہ حملے سے متعلق پیشگی تیاریاں کریں، اینٹی ٹڈی دل اسکواڈ کو میدان میں اتار دیا گیا ہے۔
انھوں نے ٹڈی دل سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگانےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا ٹڈی دل کے غیر معمولی پھیلاؤ کو روکنے کیلئےاقدامات کئے جائیں، پنجاب حکومت نے فصلوں کو بچانے کیلئے ایک ارب کےوسائل فراہم کیے اور وفاقی حکومت کے تعاون سے فضائی اسپرے بھی کیاجارہاہے۔