لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے انسداد پولیو کی خصوصی مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ یہ قومی مسئلہ ہے، اس سے نمٹنے کے لیے سب مل کر کام کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے انسداد پولیو کی خصوصی مہم کا افتتاح کر دیا۔ وزیر اعلیٰ نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 2 کروڑ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، 50 ہزار سے زائد خصوصی ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلائیں گی۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو خود جا کر انسداد پولیو مہم کی نگرانی کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ صوبائی وزرا کو بھی انسداد پولیو مہم کے لیے ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ والدین سے اپیل ہے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائیں، پنجاب کو پولیو فری صوبہ بنائیں گے۔ پولیو کے بعض کیس سامنے آنے پر بہت تشویش ہے۔ یہ قومی مسئلہ ہے، اس سے نمٹنے کے لیے سب مل کر کام کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ @UsmanAKBuzdar نے صوبے میں انسداد پولیو کی خصوصی مہم کا افتتاح کر دیا۔وزیراعلیٰ نے بچوں کو انسداد پولیوکے قطرے پلا کرمہم کا آغاز کیا۔
پنجاب میں آج سے شروع ہونے والی خصوصی مہم پانچ روز جاری رہے گی۔ pic.twitter.com/GRd9frrtMa— Government of Punjab (@GOPunjabPK) December 16, 2019
صوبہ پنجاب میں آج سے خصوصی انسداد پولیو مہم شروع کی گئی ہے جو 5 روز جاری رہے گی، یاسمین راشد سمیت صوبائی وزرا نے بھی بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے۔
خیال رہے کہ رواں برس ملک بھر میں پولیو کیسز میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور اب تک سامنے آنے والے پولیو کیسز کی تعداد 100 ہوگئی ہے، یہ شرح سنہ 2015 سے بھی زیادہ ہے جب ملک میں 54 پولیو کیسز رپورٹ کیے گئے۔
صرف خیبر پختونخوا میں ریکارڈ کیے گئے پولیو کیسز کی تعداد 72 ہوگئی ہے۔ 16 کیسز سندھ میں، 7 بلوچستان اور 5 پولیو کیسز پنجاب میں سامنے آچکے ہیں۔