لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ لاہور اور راولپنڈی میں پناہ گاہوں کی تعمیر تیزی سے جاری ہے، ذاتی طور پر پناہ گاہوں کی تعمیر کے منصوبے کی نگرانی کر رہا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف عام آدمی کی فلاح و بہبود کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، معاشرے کے پسے ہوئے افراد کا خیال رکھنا ہماری ذمے داری ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لاہور اور راولپنڈی میں پناہ گاہوں کی تعمیر تیزی سے جاری ہے، ذاتی طور پر پناہ گاہوں کی تعمیر کے منصوبے کی نگرانی کر رہا ہوں۔ لاہور میں پناہ گاہوں کا منصوبہ جلد مکمل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے خود دورہ کر کے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی ہیں، لاہور میں تعمیر ہونے والی پناہ گاہیں اسٹیٹ آف دی آرٹ ہوں گی۔ عارضی پناہ گاہ بنا کر سڑکوں پر سونے والوں کو چھت فراہم کر دی۔ پناہ گاہوں میں مفت علاج کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ قیام کرنے والوں کو رات کا کھانا اور ناشتہ فراہم کیا جاتا ہے، عارضی پناہ گاہوں تک ٹرانسپورٹ بھی شروع کی گئی ہے۔