لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ اپوزیشن نے پھر ثابت کیا وہ صرف ذاتی مفادات کا تحفظ چاہتی ہے، مایوس عناصر کی اے پی سی بھی مایوس کن رہی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے سینئر صوبائی وزیر عبد العلیم خان کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں گندم اور آٹے کے اسٹاک و قیمتوں اور سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔
وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔
عبد العلیم خان کا کہنا تھا کہ محکمہ خوراک آٹے کی مناسب سپلائی ہر قیمت پر یقینی بنا رہا ہے، نوٹیفائیڈ ریٹ پر آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب @UsmanAKBuzdar سے سینئر صوبائی وزیر @aleemkhan_pti کی ملاقات: گندم، آٹے کے سٹاک و قیمتوں اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال۔
"آٹے کی قیمت میں خود ساختہ اضافہ کرنیوالوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے”۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار pic.twitter.com/pSBEB3SmY1— Government of Punjab (@GOPunjabPK) September 22, 2020
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے پھر ثابت کیا وہ صرف ذاتی مفادات کا تحفظ چاہتی ہے، مایوس عناصر کی اے پی سی بھی مایوس کن رہی۔ اپوزیشن جماعتوں نے قومی مفادات کو یکسر فراموش کیا۔
انہوں نے کہا کہ قوم کا پیسہ لوٹنے والے اے پی سی کے ناٹک سے گمراہ نہیں کر سکتے، عوام با شعور ہیں اور نا اہل و کرپٹ چہروں سے واقف ہیں۔ باشعور عوام کو مسترد شدہ عناصر دھوکا نہیں دے سکتے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں ملک کی ترقی و خوشحالی روکنے کے درپے ہیں، اپوزیشن کا منفی کردار افسوسناک ہے۔ ماضی کی طرح اے پی سی کا یہ ڈرامہ بھی ناکام رہا۔
سینئر صوبائی وزیر عبد العلیم خان کا کہنا تھا کہ اے پی سی کے ذریعے اپوزیشن کی منفی سیاست آشکار ہوگئی، اپوزیشن کی عوام میں رہی سہی ساکھ مکمل ختم ہو چکی ہے۔