جمعہ, نومبر 1, 2024
اشتہار

کرونا وائرس کے سدباب کے لیے چین کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے: عثمان بزدار

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے چین کے ڈاکٹروں اور ماہرین کے وفد سے ملاقات کے دوران کہا کہ چین نے کرونا وائرس پر کم از کم وقت میں قابو پا کر مثال قائم کی، کرونا کے سدباب کے لیے چین کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے چین کے ڈاکٹروں اور ماہرین کے وفد کی ملاقات ہوئی، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

ملاقات میں کرونا کی وبا کے خلاف دو طرفہ تعاون اور مشترکہ کاوشوں کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا۔ وفد کی جانب سے پنجاب حکومت کے حفاظتی اقدامات اور علاج کے ایس او پیز کو مؤثر قرار دیا گیا۔

- Advertisement -

ملاقات کے دوران سیکریٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ نے صوبہ بھر میں مریضوں کے اعداد و شمار کے بارے میں بریفنگ دی۔

چینی وفد کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کرونا کے خلاف حکومت کے اقدامات مؤثر ثابت ہو رہے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب نے فوری اور تیز رفتاری سے صحیح سمت میں اقدامات کیے۔ عوام کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات قابل تحسین ہیں۔

وفد میں شامل چینی ڈاکٹر مامنگ ہوئی نے کہا کہ گرمی میں بھی کرونا وائرس کے پھیلنے کے امکان کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ چین قابل اعتماد دوست ہے، جس نے ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا۔ چین نے کرونا وائرس پر کم از کم وقت میں قابو پا کر مثال قائم کی۔ کرونا کے سدباب کے لیے چین کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چینی ڈاکٹروں کے مشورے اور سفارشات پر عمل کریں گے۔ کرونا کی وبا سے نمٹنے کے لیے چین کے تعاون کی قدر کرتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے چینی ڈاکٹروں اور چیف نرس کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی پر اظہار تشکر بھی کیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں