بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

ملک کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے: عثمان بزدار

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے بلوچستان کے وزیر تعلیم یار محمد رند کی ملاقات ہوئی، وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت بلوچستان کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے بلوچستان کے وزیر تعلیم یار محمد رند کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں صوبوں کے درمیان تعلقات میں فروغ کے لیے باہمی رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ترقی اور خوشحالی کے سفر میں صوبے قدم سے قدم ملا کر آگے بڑھیں گے، بلوچستان کے لوگ محب وطن اور محنتی ہیں۔ پنجاب حکومت بلوچستان کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میرے دل کے بہت قریب ہے، پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔ بلوچ بہن بھائیوں کی جو بھی خدمت ہوگی پنجاب پیچھے نہیں رہے گا۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ میر چاکر اعظم رند کے مقبرے کی اصل حالت میں بحالی کے لیے فنڈز مہیا کر دیے، مقبرے کی بحالی کے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے، تاریخی مقبرے کو اصل حالت میں بحال کیا جائے گا، مقبرے کے ساتھ بنائی ہوئی دیوار کو ہٹا کر احاطے کو وسیع کیا جائے گا، مقبرے کی دیواروں اور بنیادوں کو محفوظ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اوکاڑہ کے نواح میں ست گرہ کو سیاحتی مقام بنایا جائے گا، تاریخی حیثیت کو بحال رکھنا آثار قدیمہ کی حفاظت کا اولین تقاضہ ہے، ست گرہ گاؤں میں رابطہ سڑکیں اور سیوریج سسٹم بنایا جا رہا ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے بلوچ بہن بھائیوں کو خیر سگالی کا پیغام دیا گیا ہے، مقبرے سے ملحقہ سڑکوں کی ترجیحی بنیادوں پر بحالی و مرمت کی جائے گی۔ بلوچستان کی ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ پنجاب کی تاریخ میں میر چاکر اعظم رند کا اپنا مقام ہے، پنجاب کو بھی اپنا گھر سمجھتے ہیں اور اس سے محبت کرتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے یار محمد رند کی طرف سے دورہ بلوچستان کی دعوت قبول کرلی، عثمان بزدار نے سردار یار محمد رند کو مقبرہ میر چاکر اعظم رند کی تصاویر کا تحفہ بھی پیش کیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں