لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی کاوشوں سے ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے درگ میں نادرا سینٹر قائم کردیا گیا، وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں کو سابق ادوار میں یکسر نظر انداز کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی کاوشوں سے ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے درگ میں نادرا سینٹر قائم کردیا گیا، وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ اہل علاقہ کو گھر کی دہلیز پر شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات مل سکیں گے۔
نادرا سینٹر کے قیام پر اہل علاقہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے اظہار تشکر کیا، وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بارتھی میں نادرا سینٹر آئندہ چند روز میں فعال کر دیا جائے گا، وہوا میں نادرا سینٹر کو بھی اپ گریڈ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے پسماندہ علاقوں کے رہائشی بنیادی سہولتوں سے محروم رہے، ماضی کے حکمرانوں نے دور افتادہ علاقوں کو ترقی کے سفر میں پیچھے رکھا۔ وزیر اعظم کی قیادت میں حکومت کا پسماندہ علاقوں کی ترقی پر پوری توجہ ہے۔
وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں کو سابق ادوار میں یکسر نظر انداز کیا گیا، پیچھے رہ جانے والے علاقوں کو آگے لے کر جانے کا وقت آگیا ہے۔