لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ صوبے میں پاک فوج کی مدد طلب کر رہے ہیں، پوری سول انتظامیہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے متحرک ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیکشن 245 کے تحت پاک فوج کی مدد طلب کر رہے ہیں، پاک فوج نے بھی سول انتظامیہ کی ہر جگہ مدد کی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عوام حکومتی اقدامات پر تعاون کریں اور سوشل فاصلہ رکھیں، ایکسپو سینٹر میں ایک ہزار بیڈ پر مشتمل فیلڈ اسپتال بنا رہے ہیں۔ ہماری پوری سول انتظامیہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے متحرک ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں بھرپور طریقے سے اقدامات کر رہے ہیں، کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 5 مخصوص اسپتال بھی بنا رہے ہیں، کابینہ کی کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر مسائل کا حل نکال رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب ایک لاکھ لوگوں کے لیے اقدامات کی صلاحیت رکھتا ہے، عوام سے درخواست ہے حکومتی اقدامات پر مکمل تعاون کریں۔ صوبے بھر میں خوراک کی کوئی قلت نہیں۔ یہ ایک ایمرجنسی صورتحال ہے اس سے اسی طرح نمٹنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی کابینہ میں کرونا آرڈیننس لا رہے ہیں، سوشل پروٹیکشن کے لیے بھی لائحہ عمل طے کیا جا رہا ہے۔ بلوچستان حکومت کو تفتان بارڈر پر سہولتوں کی کمی کا سامنا رہا ہے۔ بلوچستان حکومت کو تمام طبی سہولتوں کے لیے تعاون کریں گے۔