لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ جس معاشرے میں انصاف نہ ہو وہ پیچھے رہ جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سے ڈسٹرکٹ بارملتان کے وفد نے ملاقات میں وکلا برادری کے مسائل کے حل سے متعلق بات چیت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملاقات میں وکلا برادری کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے کہا کہ خود وکیل ہوں اور وکلابرادری کے مسائل سے آگاہ ہوں، میں نے ملتان میں وکالت بھی کی ہے، آپ کے جائزمسائل حل کیے جائیں گے۔
سرادر عثمان بزدار نے وکلا کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ جس معاشرے میں انصاف نہ ہووہ پیچھے رہ جاتا ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال 25 جنوری کو وزیراعلیٰ پنجاب سے سرگودھا بار کے وکلا کے وفد نے ملاقات کی تھی۔
اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ملک میں جمہوریت کے فروغ کے لیے وکلا برادری کی خدمات لائق تحسین ہیں، آئین کی بالادستی کے لیے وکلا نے نمایاں کردار اد کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ وکلا نے ملک میں آزاد عدلیہ کی بحالی کے لیے بے مثال جدوجہد کی اور عام آدمی کو انصاف کی فراہمی میں وکلا برادری کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔