لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ سیلابی ریلے سے متاثرہ علاقوں کا خود جائزہ لیا ہے، متاثرہ لوگوں کی تکلیف میری اپنی تکلیف ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے کہا ہے کہ قصور، اوکاڑہ ، بہاولنگر اور پاکپتن کے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں-
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات کا انتظام کیاگیا ہے اور متاثرہ لوگوں کے لیے امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے انتظامی افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور امدادی کام ہمہ وقت جاری وساری ہے-
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ انتظامی افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ میڈیکل کیمپس میں ادویات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ مویشیوں کے لیے چارے اور ونڈے کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے-
انہوں نے کہا کہ متاثرہ لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی یا تکلیف کا سامنا نہیں ہونا چاہیئے، متاثرہ لوگوں کی تکلیف میری اپنی تکلیف ہے اور اس مشکل گھڑی میں پنجاب حکومت متاثرہ دیہات کے لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے-
وزیراعلیٰ پنجاب نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ اور امدادی ادارے بڑھ چڑھ کر متاثرہ افراد کی بھرپور مدد کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وقت گھر یا دفتر بیٹھنے کا نہیں بلکہ متاثرہ دیہات میں بہن بھائیوں کی مدد کا ہے۔