لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ مودی سرکار کا اقدام پاگل پن ہے جس سے کشیدگی میں اضافہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مودی سرکارکا آرٹیکل 370 کا خاتمہ کشمیریوں کے حقوق پرڈاکہ ہے، غیر قانونی اقدام سے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کودبایا نہیں جاسکتا۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ خصوصی حیثیت ختم کرکے انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیر دی گئیں، مودی سرکار کا فیصلہ انسانی حقوق پر کھلم کھلا حملہ ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مودی سرکار کا اقدام پاگل پن ہے جس سے کشیدگی میں اضافہ ہوگا، بھارت نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت سے انحراف کیا ہے۔
بھارت نےمقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کردی
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارت نے مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کردی تھی ، بھارتی صدر نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کے بل پر دستخط بھی کردیے تھے۔
مقبوضہ کشمیرکی صورت حال پربھارتی پارلیمنٹ کا اجلاس ہوا تھا، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پارلیمنٹ کے اجلاس میں شریک ہوئے تھے۔
بھارتی وزیرداخلہ امیت شاہ نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کا بل پارلیمنٹ میں پیش کیا،بل کی تجاویز کے تحت غیر مقامی افراد مقبوضہ کشمیر میں سرکاری نوکریاں حاصل کرسکیں گے اور 370 ختم ہونے سے مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم ہوجائے گی۔
بعد ازاں بھارتی صدر نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کے بل پر دستخط کر دیے اور گورنر کاعہدہ ختم کرکے اختیارات کونسل آف منسٹرز کو دے دیے۔