لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں احتجاجی سیاست کا کوئی جواز نہیں ہے، یہ وقت قوم کو یکجا کرنے کا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ملک کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے، موجودہ حالات میں احتجاجی سیاست کا کوئی جواز نہیں ہے، یہ وقت قوم کو یکجا کرنے کا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وطن کی مٹی ہم سے اتحاد اور یگانگت کا مطالبہ کر رہی ہے، پاک دھرتی کے اس قرض کو اتارنے کے لیے سب کو ایک ہونا پڑے گا۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ سیاسی قوتوں پربھی اس قرض کی ادائیگی کی بھاری ذمہ داری ہے، جوش نہیں بلکہ ہوش کی راہ پر چلنے کی ضرورت ہے، ملک افراتفری کی سیاست سے آگے نہیں جاسکتا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ قوم کی خوشحالی کے لیے منفی سیاست سے قطع تعلق کرنا ہوگا، ترقی کا واحد راستہ ملک میں استحکام، اتحاد اور اتفاق میں ہے۔
حکومتی مذاکراتی کمیٹی کا جے یو آئی (ف) سے پہلا باضابطہ رابطہ
واضح رہے کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے جے یو آئی (ف) سے پہلا باضابطہ رابطہ کرلیا، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے عبدالغفور حیدری کو ٹیلی فون کر کے ملاقات کا وقت طے کرلیا۔
مذاکراتی کمیٹی آج رات 8 بجے عبدالغفور حیدری سے ملاقات کرے گی، یہ ملاقات پارلیمنٹ لاجز میں عبدالغفور حیدری کی رہایش گاہ پر ہو گی۔