لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم نے ہرسطح اورہرموقع پرامن کی راہ کو اپنایا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بلوچستان کے وفد سے ملاقات میں صوبے میں سیلاب سے نقصان پردکھ کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میری اورپنجاب حکومت کی ہمدردیاں بلوچ بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں، مشکل کی گھڑی میں بلوچستان کے بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد کے لیے تعاون کریں گے، پاکستان ہم سب کا سانجھا ملک ہے، ہمارے دکھ درد اورخوشیاں سانجھی ہیں۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ مودی سرکارنے الیکشن کے لیے خطے کا امن داؤپرلگا دیا، پاکستان کی تحمل، امن کی پالیسی کوکمزوری نہیں سمجھنا چاہیے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایک اسٹیٹس مین کا کردارادا کیا، وزیراعظم کے بروقت اورمثبت اقدامات سے ملکی امیج بلند ہوا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنےعمل سے ثابت کیا وہ امن کے داعی ہیں، بھارت کوجنگی جنون سے باہرآکرمذاکرات کی میزپربیٹھنا چاہیے۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں بلکہ تباہی کا راستہ ہے، وزیراعظم نے ہرسطح اورہرموقع پرامن کی راہ کواپنایا ہے۔