لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ہمیں عوام کا تعاون چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے پیغام میں کہا کہ پنجاب میں اب تک 13 ہزار 380 افراد کا کرونا ٹیسٹ کیا گیا۔
عثمان بزدار نے بتایا کہ پنجاب میں 12ہزار 823 افراد کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں، 557 افراد کے ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہے جن میں سے 282 ڈی جی خان اور ملتان کے زائرین ہیں۔
Details: pic.twitter.com/6p5Pp2ZDZx
— Usman Buzdar (@UsmanAKBuzdar) March 28, 2020
وزیراعلیٰ پنجاب کا کرونا کے خلاف کام کرنے والے ڈاکٹرز کو 1 ماہ کی اضافی تنخواہ دینے کا اعلان
اس سے قبل گزشتہ روز لاہور میں میڈیا بریفنگ کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کرونا کے خلاف کام کرنے والے ڈاکٹرز کو 1 ماہ کی اضافی تنخواہ دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ قیدیوں کی سزا میں 90 روز کی کمی کا اعلان کرتے ہیں، سنگین جرائم میں ملوث قیدیوں کی سزاؤں میں کمی نہیں ہوگی،انڈر ٹرائل قیدیوں سےمتعلق سفارشات جلد حکومت کو دیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور متاثر افراد کی تعداد 1420 تک جا پہنچی ہے ،وائرس سے اب تک 12 افراد جاں بحق اور 29 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔