ڈیرہ غازی خان: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب میں تبدیلی کی افواہیں پھیلانے والے سازشیں کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بہاولپور سے ڈی جی خان پہنچے جہاں انہوں نے صفائی کے انتظامات، ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر سردار عثمان بزدار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں تبدیلی کی افواہیں پھیلانے والے سازشیں کر رہے ہیں، حکومت کے تمام اسٹیک ہولڈرز ایک پیج پر ہیں، پنجاب میں فارورڈ بلاک ہے نہ پریشرگروپ،اتحادی بھی ساتھ ہیں۔
آٹے کے بحران سے متعلق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب میں آٹے کا کوئی بحران نہیں ہے، عوام کی سہولت کے لیے شہروں، تحصیلوں میں آٹے کے سیل پوائنٹس بڑھا دیے۔
سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی کے لیے35 فیصد فنڈز مختص کیے گئے ہیں، جنوبی پنجاب کے فنڈز کسی اور علاقے پرخرچ نہیں ہوسکیں گے، علاقےکی ترقی،عوام کے مسائل کے حل کے لیے مل کرکام کر رہے ہیں۔
کمزور حکومت کا شورو واویلا صرف میڈیا کی حد تک ہے، جہانگیر ترین
اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ کمزور حکومت کا شورو واویلا صرف میڈیا کی حد تک ہے، پی ٹی آئی حکومت کو اتحادیوں سے کوئی خطرہ نہیں ، حکومت پانچ سال پورے کرے گی۔