لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ معاشی پیکج کے تحت 1 لاکھ 70 ہزار سے زائد مستحقین کو ڈیڑھ ارب روپے کی منتقلی کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ 1 لاکھ 70 ہزار سے زائد مستحقین کو زکوٰۃ کی رقم فوری منتقلی کی ہدایت کی ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ باقی ڈیٹا بھی جلد از جلد حاصل کر کے اس کی تصدیق کی تاکید کی ہے، انشا اللہ ہم مشکل کی اس گھڑی میں شہریوں کی ہر ممکن مدد کریں گے۔
الحمد للہ ان تمام افراد کو 24 گھنٹے کے اندر شفاف طریقے سے ڈیڑھ ارب روپے ان کے موبائل فون نمبرز اور شناختی کارڈ نمبرز پر ٹرانسفر کر دئیے گئے ہیں. بائیو میٹرک ویریفیکیشن کے بعد یہ رقم کسی بھی موبائل فون شاپ سے نکلوا سکتے ہیں.#InsafImdadProgram #COVID19 https://t.co/1NkJ6R1ZIo
— Usman Buzdar (@UsmanAKBuzdar) April 4, 2020
انہوں نے کہا کہ الحمد اللہ ان تمام افراد کو 24 گھنٹے کے اندر شفاف طریقے سے ڈیڑھ ارب روپے ان کے موبائل فون نمبرز اور شناختی کارڈ نمبرز پر منتقل کر دیے گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ بائیو میٹرک ویری فکیشن کے بعد یہ رقم کسی بھی موبائل فون شاپ سے نکلوائی جاسکتی ہے۔
خیال رہے کہ پنجاب حکومت نے کرونا وائرس سے متاثرہ حلقوں میں 25 لاکھ خاندانوں کے لیے 10 ارب روپے کا پیکج متعارف کروایا تھا، پیکج میں کرونا وائرس سے متاثرہ ڈیلی ویجرز کو ماہانہ 4 ہزار روپے کی ادائیگی بھی شامل تھی۔