سیالکوٹ: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کے دوران صنعتکاروں کے وفد نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے حکومتی اقدامات کی حمایت کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے صنعتکاروں کے وفد کی ملاقات ہوئی، صنعتکاروں کی جانب سے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی۔
وفد کا کہنا تھا کہ کرونا وبا کا پھیلاؤ روکنے کے حکومتی اقدامات کی حمایت کرتے ہیں۔
وفد نے وزیر اعلیٰ کو شعبے کے مسائل سے بھی آگاہ کیا، وزیر اعلیٰ نے صنعتکاروں کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بعض صنعتوں کو کام کرنے کی اجازت دی ہے، صنعتوں کے لیے ایس او پیز پر عملدر آمد کی پابندی کو یقینی بنایا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صورتحال بہتر ہونے پر مزید صنعتوں کو کام کرنے کی اجازت دیں گے، صنعتکاروں کی مشکلات کا ادراک ہے۔
سیالکوٹ آمد پر اس سے قبل وزیر اعلیٰ نے فیلڈ اسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کا بھی جائزہ لیا اور مختصر وقت میں فیلڈ اسپتال قائم کرنے پر انتظامیہ کی تعریف بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مالی امداد کی تقسیم کے پروگرام کی خود نگرانی کر رہا ہوں، ٹائیگر فورس کے اراکین متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے دن رات ایک کر دیں۔