اسلام آباد : معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نوجوانوں کو قیمتی اثاثہ سمجھتے ہیں، شخصی ضمانت پر قرضے کی حد کو بڑھا کر بیس لاکھ کرنے جارہے ہیں اور اسکالرشپ کو بڑھا کر 50 لاکھ تک لیکر جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی عثمان ڈار نے کامیاب جوان پروگرام کے تحت سرٹیفکیٹس کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا گزشتہ حکومت نے 10لاکھ لیپ ٹاپس پراربوں خرچ کئے، عمران خان کا ویژن نوجوان کو جدید ٹریننگ دینا ہے ،ہم نوجوانوں کی اسکل ڈیولپمنٹ پر پیسے خرچ کر رہے ہیں اور نوجوانوں کو اسکالرشپ دے رہے ہیں۔
عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نوجوانوں کو قیمتی اثاثہ سمجھتے ہیں ، 20لاکھ نوجوان ہر سال ملازمت کیلئے مارکیٹ میں آتے ہیں ،اتنی بڑی تعداد کو نوکریاں دینا حکومت کے بس کی بات نہیں۔
معاوں خصوصی نے کہا پاکستان کے نوجوانوں کو مہارتیں سکھا کر آگے بڑھنے کا موقع دیں گے ، اسکالرشپ کو بڑھا کر 50 لاکھ تک لیکر جائیں گے ، نوجوان خود کاروبار کی سوچ پیدا کریں۔
نوجوانوں کیلئے کامیاب بزنس لون اسکیم لیکر آئے ہیں ، نوجوانوں کو شخصی ضمانت پر دس لاکھ تک قرضے دیئے جارہے ہیں، شخصی ضمانت پر قرضے کی حد کو بڑھا کر بیس لاکھ کرنے جارہے ہیں۔