ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

کامیاب جوان پروگرام میں میرٹ اور شفافیت نے بہت متاثر کیا: امریکی قونصل جنرل

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر برائے امور نوجوان عثمان ڈار اور امریکی قونصل جنرل کے درمیان ملاقات ہوئی، قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ کامیاب جوان پروگرام میں میرٹ اور شفافیت نے بہت متاثر کیا ہے، ایسے منصوبے 5 سے 10 سال میں معاشی اثرات ظاہر کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی قونصل جنرل نے وزیر اعظم آفس کا دورہ کیا جہاں ان کی وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے امور نوجوان اور کامیاب جوان پروگرام کے سربراہ عثمان ڈار سے ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں کامیاب جوان پروگرام کے لیے یو ایس ایڈ کے ذریعے ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عثمان ڈار نے امریکی قونصلیٹ جنرل کو قرض کے تازہ اعداد و شمار پر بریفنگ دی جبکہ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے فارمولے سے بھی آگاہ کیا۔

امریکی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ منصوبے میں میرٹ اور شفافیت نے بہت متاثر کیا ہے، ہم منصوبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کے خواہش مند ہیں، ایسے منصوبے 5 سے 10 سال میں معاشی اثرات ظاہر کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی حکومتی سطح پر سرپرستی قابل تعریف ہے، مشترکہ تعاون سے نوجوانوں کو مزید مواقع دیے جا سکتے ہیں۔

عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو روزگار، تعلیم اور تکنیکی تربیت کی فراہمی ترجیح ہے، کامیاب جوان اور ہنر مند پاکستان پروگرام کے اعداد و شمار تسلی بخش ہیں، پروگرام وزیر اعظم عمران خان کی ذاتی توجہ کا مرکز ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکنیکل اور ووکیشنل ایجوکیشن میں سرمایہ کاری کے مواقع ہیں، پاک امریکا باہمی اشتراک سے روزگار کے نئے دروازے کھولے جا سکتے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں