کراچی: وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام کے بعد کامیاب دکاندار پروجیکٹ شروع کریں گے، ابتدائی طور پر 1 سے 50 لاکھ روپے تک کا قرض دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے نوجوانوں کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں، آج وزیر اعظم سندھ میں کامیاب جوان پروگرام کا آغاز کریں گے۔
عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ سندھ سے تقریباً 1 لاکھ نوجوانوں نے اپلائی کیا تھا، 18 ویں ترمیم کے بعد سندھ حکومت کو نوجوانوں کے لیے یوتھ منسٹر بنانا چاہیئے تھا۔ کامیاب جوان پروگرام کا بنیادی مقصد روزگار میں تعاون فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے تقریباً 15 ہزار کے قریب نوجوانوں نے بزنس پلان دیا، کئی نوجوانوں نے اپلائی کیا مگر ان کے پاس بزنس پلان نہیں تھا۔ نوجوان پورے بزنس پلان کے ساتھ اپلائی کریں یہ آپ کا پیسہ ہے۔ 10 ارب روپے سندھ کے نوجوانوں کو کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے ملیں گے۔
عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ کامیاب جوان پروگرام مہنگائی اور بیروزگاری کا تدارک کرے گا، ہم کامیاب دکاندار پروجیکٹ پر کام کر رہے ہیں، ابتدائی طور پر 1 سے 50 لاکھ روپے تک کا قرض دیا جائے گا، نوجوانوں کو ہنر سکھانے کے لیے 30 ارب روپے کی لاگت سے منصوبہ شروع کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت کو بہتر کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، وزیر اعظم کا پیغام واضح ہے جو کام نہیں کرے گا وہ تبدیل ہوگا۔ 72 سالوں میں کسی وزیر اعظم نے پناہ گاہوں کے بارے میں نہیں سوچا۔ ملک مشکل ترین حالات سے گزر چکا ہے، وزیر اعظم پر امید ہیں۔ 35 سال کی مس مینجمنٹ کو ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا۔