سیالکوٹ: معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی، مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے سب سے بڑے پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے، 12 فروری کو سیالکوٹ میں گوجرانوالہ کے کامیاب نوجوان تشریف لائیں گے۔
عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ سے 22 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں، گوجرانوالہ ڈویژن سے 77 ہزار سے زائد درخواستوں پر کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی میں ملوث جو بھی ہوا اس کے خلاف ایکشن ہوگا، کمیٹی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کرے گی۔ کمیٹی کی ایک رپورٹ آچکی، دوسری بھی آنے والی ہے۔ ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو ساڑھے 6 کروڑ جرمانے کیے ہیں۔
عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ 2 ہزار کے قریب مزید یوٹیلٹی اسٹورز یو سی کی سطح پر بنائیں گے، مہنگائی کا علم ہے، کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ عوام کو بھی کرپٹ عناصر کی نشاندہی کرنا ہوگی۔ بجلی چوری اور ذخیرہ اندوزی کرنے والے افراد کی نشاندہی کریں۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں اختیارات کا ناجائز استعمال ہے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام بھی اس کا نشانہ بنا۔ اسحٰق ڈار کے گھر کو پناہ گاہ بنانا اچھا اقدام ہے۔ اسحٰق ڈار آئیں اور مقدمات کا سامنا کریں۔