اسلام آباد : معاون خصوصی برائےنوجوانان عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان کے10 لاکھ نوجوانوں پر مشتمل اسٹینڈبائی فورس تیارہے، جو این ڈی ایم اے، پاک فوج اورڈاکٹروں کے ساتھ ملکرکام کرےگی اور مستحقین کو گھروں میں کھانا پہنچائے گی۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائےنوجوانان عثمان ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ٹائیگرزفورس میں 50ہزار سے انجینئرز رجسٹرڈ ہوئے ہیں اور 17ہزارہیلتھ ورکرز بھی ٹائیگرزفورس میں شامل ہیں جبکہ ماسٹر،بی کام،بی ایس ڈگری ہولڈرز فورس کا حصہ ہیں۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس نے صوبائی چیف سیکریٹریزکو ٹی اوآرزدیےہیں، گھر گھرراشن پہنچانا سب سے بڑا چیلنج ہے، ووہان میں بھی والنٹیئرزنےراشن گھر گھرپہنچایا تھا جبکہ برطانیہ کاسسٹم مضبوط ہےاس کے باوجود ڈھائی لاکھ والنٹیئرز کام کر رہےہیں۔
عثمان ڈار نے کہا کہ پاکستان کےدس لاکھ نوجوانوں پر مشتمل اسٹینڈبائی فورس تیارہے، جو این ڈی ایم اے، پاک فوج اورڈاکٹروں کے ساتھ ملکر کام کرے گی، اگلے ہفتے سب سے پہلے ہیلتھ ورکرز کو ذمہ داریاں سونپنے جارہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹائیگرزفورس اپنےعلاقوں میں مستحقین کی رجسٹریشن پراسس میں بھی مدد کرے گی، ایک لاکھ سے زیادہ نوجوانوں نے سندھ سے رجسٹریشن کی، سندھ حکومت کا کام ہے انہیں میدان میں اتارے۔
معاون خصوصی نے مزید کہا ہ تقریباً10لاکھ افراد ٹائیگرزفورس سے رجسٹرڈ ہوئے ہیں، لاک ڈاؤن میں ٹائیگرز فورس مستحقین کو گھروں میں کھانا پہنچائےگی تاہم ضابطے کی خلاف ورزی پر ٹائیگرز فورس رضاکار کی رجسٹریشن منسوخ کردی جائے گی۔
عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو کہتا ہوں آئیں مل کر کام کریں، عوامی نمائندوں کیساتھ ملکر ٹائیگرزفورس کو متحرک کریں، ٹائیگرز فورس ایک جماعت کی فورس نہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ ٹائیگرز فورس کیلئے کوئی ٹی شرٹس نہیں بنوائی جارہی، اس فورس پرٹیکس پیئرزکاایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوگا اور وزیراعظم جلد ٹائیگرز فورس سے خطاب بھی کریں گے۔
احساس ایمرجنسی پروگرام کے حوالے سے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ اس پروگرام سے صرف مستحق پاکستانی فائدہ اٹھاسکتےہیں۔