اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر برائے امور نوجوان عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ فنی تعلیم سے متعلق ملک بھر میں 75 اسمارٹ کلاس رومز قائم کیے جائیں گے، 70 مدارس میں بھی تکنیکی تعلیم کی فراہمی کا انتظام کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے امور نوجوان عثمان ڈار نے نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے میں ایک لاکھ 70 ہزار نوجوانوں کو ہنر مند بنایا جائے گا، پہلے سے ہنر مند نوجوانوں کو جانچ کے بعد سرٹیفیکیٹ دیے جائیں گے۔
عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ ملک میں نیشنل ایکریڈیشن کونسل کا قیام عمل میں لایا جائے گا، ٹیوٹا کے 2 ہزار اداروں کی ایکریڈیشن کی جائے گی۔ پیشہ وارانہ تربیت کے حوالے سے معیار مقرر کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 75 اسمارٹ کلاس رومز قائم کیے جائیں گے، 70 مدارس میں بھی تکنیکی تعلیم کی فراہمی کا انتظام کیا جائے گا۔ دوست ملکوں کے اشتراک سے 5 سینٹر آف ایکسی لنس قائم کیے جائیں گے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ٹیوٹا انسٹی ٹیوٹس کو عالمی اداروں سے منسلک کیا جائے گا، شفقت محمود سمیت دیگر افراد نے بہت زبردست کام کیا۔ ایسا پروگرام تاریخ میں پہلے شروع نہیں کیا گیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت نوجوانوں کی فلاح و بہبود سے متعلق اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں وزیر اعظم نے ہنر مند پاکستان منصوبے کی منظوری دے دی تھی۔
منصوبے کے لیے 30 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ وزیر اعظم کل ہنرمند پاکستان پروگرام کا افتتاح کریں گے۔
اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نوجوان ملک کا اصل اثاثہ ہیں، بدقسمتی سے ماضی کی حکومتوں نے نوجوانوں کو نظر انداز کیا۔ نوجوانوں کو تعلیم کے باوجود نوکری کے لیے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
خیال رہے کہ ہنرمند پاکستان پروگرام نیشنل اسکل اسٹریٹجی ٹاسک فورس کی تجاویز پر تیار کیا گیا ہے، پرگرام کے تحت لاکھوں نوجوانوں کو فنی مہارت دی جائے گی۔
پروگرام کے تحت ٹیچر ٹریننگ، اسمارٹ لیب اور بزنس انکیوبیشن سینٹر قائم ہوں گے۔ تربیت پانے پر نوجوانوں کو بین الاقوامی اجازت نامے ملیں گے، ہنر کی تربیت دینے والے اداروں کی صلاحیت میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔