اسلام آباد : وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضہ کی فراہمی انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے میں مدد دے گی، اسکیم کا مثبت ردعمل سامنے آرہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پاکستان میں نوجوانوں کی صورتحال کے عنوان سے منعقدہ ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا کہ ملک کی اڑسٹھ فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور حکومت انہیں قومی دھارے میں لانے کے لئے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت ملک بھر کے نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضہ فراہم کرنے کی حکومتی پالیسی کی بدولت انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے میں مدد ملے گی۔
عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ کامیاب جوان کی لانچنگ پہلا فیز تھا، بینکوں کے ساتھ مکمل کوآرڈینیشن ونگ چل رہا ہے، نوجوان گھر بیٹھے کامیاب جوان پروگرام کا حصہ بن سکتےہیں۔
؎انہوں نے کہا کہ ہیکرز کامیاب جوان کی ویب سائٹ کو ہیک نہیں کرسکے، سائبر حملوں کو ناکام بنانے پراین ٹی سی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،۔
کامیاب جوان پروگرام پر کچھ لوگوں کو کنفیوژن تھی جو اب دور ہوگئی ہے، پروگرام کے تحت ایک سے 5لاکھ تک 6فیصد انٹرسٹ ریٹ ہوگا اور 1لاکھ تک قرضے پر انٹرسٹ فری ہوگا۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم کے کامیاب جوان پروگرام کی ویب سائٹ ہیک کیلئے بھارت سے سائبر حملے
عثمان ڈار نے مزید کہا کہ اس اسکیم پر عوام کا مثبت ردعمل سامنے آرہا ہے اور اب تک تقریباً75 ہزار نوجوانوں نے آن لائن رجسٹریشن فارمز پُر کیے ہیں۔