لاہور: وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کی کوشش تھی کہ ہمیں ایک دہشت گرد ریاست قرار دے دیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں گفتگو کرتے ہوئے عثمان ڈار نے کہا کہ مودی کوششوں میں تھا کہ ہمیں دہشت گرد ریاست ڈکلیئر کر دیا جائے۔
عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ نریندر مودی اپنےعزائم میں ناکام رہا ہے، وزیرِ اعظم عمران خان نے دانش مندی سے بھارت سے مذاکرات کی بات کر کے مودی کو ناکام بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن خوش حال پاکستان کے لیے اکھٹے ہوں گے، پاک بھارت کشیدگی کے علاوہ آنے والے دنوں میں اپوزیشن اور حکومت ملک کے اندرونی مسائل کے حل لیے بھی ایک ہوں گے۔
عثمان ڈارنے کہا کہ جنگ نریندر مودی کی سیاسی ضرورت ہو سکتی ہے کیوں کہ ان سے معاشی استحکام اور ترقی کی طرف جاتا ہوا پاکستان نہیں دیکھا جا رہا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور بھارت کے درمیان معاملات ٹھنڈے ہو رہے ہیں: فواد چوہدری
انھوں نے مزید کہا کہ پاک بھارت کشیدگی میں مودی کی بڑی سبکی ہوئی ہے، اس کشیدگی کو ہوا دینے کی وجہ سے بھارت میں تقسیم پیدا ہو گئی ہے، لوگ آواز اٹھا رہے ہیں کہ ’سے نو ٹو وار۔‘
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ تقسیم کی شکار قوم جنگ نہیں لڑ سکتی، جب کہ اس کے مقابلے میں پاکستان متحد ہے، اس لیے بھارت آنے والے دنوں میں جنگ کے آپشن کی طرف نہیں جا سکتا۔
عثمان ڈار نے کہا کہ تحریک انصاف نے کبھی ملک کی سالمیت پر سیاست کی کوشش نہیں کی، او آئی سی میں بھی پاکستانی مؤقف کی حمایت کی گئی ہے۔