اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

کامیاب جوان پروگرام ہزاروں باہمت خواتین کا سہارا بن رہا ہے: عثمان ڈار

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ عمران خان کے وژن کے مطابق خواتین کو معاشرے میں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع دینا حکومتی ترجیح ہے۔ کامیاب جوان پروگرام ہزاروں باہمت خواتین کا سہارا بن رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق خواتین کو معاشرے میں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع دینا حکومتی ترجیح ہے۔

عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ گلگت کی رہائشی رضیہ خاتون نے مشکلات کے باوجود باعزت روزگار کے حصول کو ممکن بنا لیا۔ کامیاب جوان پروگرام ان جیسی ہزاروں باہمت خواتین کا سہارا بن رہا ہے۔

انہوں نے رضیہ خاتون کی ویڈیو بھی ٹویٹ کی۔ ویڈیو میں رضیہ خاتون کا کہنا تھا کہ میرے ہاتھ میں ہنرتھا لیکن کاروبار کے لیے رقم نہیں تھی، کامیاب جوان پروگرام میں درخواست دی تو کاروبار کے لیے مطلوبہ رقم مل گئی۔

رضیہ خاتون نے بتایا کہ انہوں نے گلگت کی مارکیٹ میں کپڑوں کی سلائی کا کاروبار شروع کرلیا ہے، مشکلات کے باوجود ہمت نہ ہارنے کا صلہ ذاتی کاروبار کی صورت ملا۔

معاون خصوصی عثمان ڈار نے رضیہ خاتون کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں، وفاقی حکومت اب تک 17 ہزار نوجوانوں میں 20 ارب روپے تقسیم کر چکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کامیاب جوان گلگت سے کراچی تک ملک بھر میں پھیل چکا ہے، کوشش ہے کہ ملک بھر کے نوجوانوں میں وسائل کی یکساں تقسیم کی جائے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں