سیالکوٹ: وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے سیالکوٹ میں کرونا ویکسی نیشن سینٹر کا دورہ کیا اور ویکسین لگوانے کے لیے آئے بزرگ شہریوں سے ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار نے سیالکوٹ میں بزرگ شہریوں کی کرونا ویکسی نیشن کے لیے قائم سینٹر کا دورہ کیا۔
عثمان ڈار نے انتظامیہ کے ہمراہ بزرگ شہریوں کو دی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا، انہوں نے ویکسین کے لیے آئے افراد سے انتظامات کے بارے میں بھی دریافت کیا۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ سہولتیں اور انتظامات توقع سے کہیں زیادہ بہتر اور زبردست ہیں، شہریوں نے بتایا وہ انتظامات سے مطمئن اور خوش ہیں، ضلعی انتظامیہ اور بزنس کمیونٹی کے تعاون پر شکر گزار ہوں۔
عثمان ڈار کا مزید کہنا تھا کہ بزرگ شہریوں سے درخواست ہے خود کو ویکسی نیشن کے لیے رجسٹر کروائیں، یقین دلاتا ہوں اپنے بزرگوں کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے گا۔
آج اپنی ٹیم کے ہمراہ سیالکوٹ میں بزرگ شہریوں کی ویکسینیشن کیلئے قائم کئے گئے خصوصی سینٹر کا دورہ کیا! شہریوں کو دی جانیوالی سہولیات کا نہ صرف خود جائزہ لیا بلکہ انتظامات کی بھی نگرانی کی! بزرگوں سے گفتگو میں احساس ہوا کہ سہولیات اور انتظامات توقع سے کہیں زیادہ بہتر اور زبردست ہیں pic.twitter.com/dlxG7wG6W8
— Usman Dar (@UdarOfficial) April 9, 2021