مانچسٹر: آسٹریلوی ٹیم کو سیمی فائنل سے قبل بڑا دھچکا لگا ہے اور بلے باز عثمان خواجہ انجری کے سبب ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلین کوچ جسٹن لینگر نے مڈل آرڈر بلے باز عثمان خواجہ کی انجری کی تصدیق کردی ہے، عثمان خواجہ کی جگہ میتھیو ویڈ کو اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
آسٹریلوی کوچ کا کہنا تھا کہ میتھیو ویڈ اچھی فارم میں ہیں انہوں نے حال ہی میں دو سنچریاں اسکور کی ہیں۔
[bs-quote quote=”آل راؤنڈر مارکس اسٹونس بھی ہیمسٹرنگ انجری کا شکار” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]
گزشتہ روز کھیلے جانے والے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں عثمان خواجہ ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوگئے تھے، وہ دوبارہ بیٹنگ کے لیے آئے اور صرف 18 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے۔
واضح رہے کہ عثمان خواجہ نے ورلڈ کپ کے 9 میچز میں 316 رنز اسکور کیے ہیں۔
دوسری جانب آل راؤنڈر مارکس اسٹونس بھی ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہیں اور وہ ورلڈ کپ کے دومیچز میں بھی شرکت نہیں کرسکے تھے۔
آسٹریلوی کوچ جسٹن لینگر نے کہا کہ مارکس اسٹونس کے حوالے سے ٹیم انتظامیہ 24 سے 48 گھنٹوں میں کوئی فیصلے لے گی، مچل مارچ کو اسٹونس کی جگہ ٹیم کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔
آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل 11 جولائی کو کھیلا جائے گا۔