پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار و پروڈیوسر عثمان پیرزادہ نے انکشاف کیا ہے کہ میں دوسروں کو 35 برس میں شادی کا مشورہ دیتا تھا لیکن میں نے خود 21 برس کی عمر میں گھر سے بھاگ کر شادی کرلی تھی۔
سینئر اداکار عثمان پیر زادہ نے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر حال ہی میں انٹرویو دیتے ہوئے اپنی شادی سے متعلق حیران کُن انکشافات کیے اور نکاح کے حوالے سے اپنے چاہنے والوں کو آگاہ کیا۔
دوران گفتگو اُن کا کہنا تھا کہ میں دوسروں کو مشورہ دیتا تھا کہ 35 برس سے پہلے کبھی شادی نہ کریں جبکہ خود 21 برس کی عمر میں شادی کرلی تھی۔
اُن کا کہنا تھا کہ جب میری ثمینہ پیرزادہ سے پہلی ملاقات ہوئی تو وہ 17 برس کی اور میں 21 برس کا تھا، پہلے دوستی اور پھر محبت ہوئی، ثمینہ کے گھر رشتہ لے کر گیا تو والدہ نے انکار کردیا۔
اداکار نے بتایا کہ والدہ نے مجھے کہا کہ میری ہوائی روزی ہے اس لیے وہ چاہتی تھیں کہ میں اداکاری چھوڑ کر نیوی میں ملازمت کرلوں کیونکہ ان کے خاندان کے بیشتر افراد نیوی میں تھے۔
عثمان پیر زادہ نے بتایا کہ ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران ثمینہ نے کہا کہ چلو شادی کر لیتے ہیں، جس پر میں نے فوری طور پر ہامی بھرلی اور اپنے دوست سے رابطہ کیا۔
میں ثمینہ کو اپنے دوست کے گھر لے گیا اور قریبی مسجد سے مولوی بلوا کر نکاح پڑھوا لیا، دوست کے گھر کا مالی اور باورچی نکاح کے گواہ بنے، نکاح کے بعد ہم دونوں اپنے گھر روانہ ہوگئے۔
سینئر اداکار کا مزید کہنا تھا کہ لاہور میں اپنے بڑے بھائی کو فون کر کے اپنی شادی کے متعلق بتایا تو وہ بہت حیران ہوئے اور امی کو لے کر کراچی آ گئے جب گھر والے مان گئے تو انہیں ثمینہ کی والدہ سے ملوایا، اس طرح کچھ دنوں میں سب ٹھیک ہو گیا تو گھر والوں کی رضا مندی سے رخصتی لی۔