اسلام آباد : وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرزعثمان ڈار کا کہنا ہے کہ 24 جنوری تک پہلے کامیاب جوان پروگرام میں رجسٹرڈ ہونا ہوگا، وزیراعظم کا ہر پروگرام پاکستانی عوام کو طاقت دینے کیلئے ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے کنویشن سینٹر میں ہنر مند پاکستان کے پروگرام کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا ،وزیراعظم عمران خان افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے ۔
ہنرمند پاکستان پروگرام کی افتتاحی تقریب سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرزعثمان ڈار نے خطاب کرتے ہوئے کہا 24 جنوری تک پہلے کامیاب جوان پروگرام میں رجسٹرڈ ہونا ہوگا، کامیاب جوان پروگرام کے تحت کامیابی نوجوانوں کے قدم چومے گی۔
عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے اسکل ڈیولپمنٹ پروگرامز میں صرف سیاست کی گئی ، وزیراعظم کی ہدایت تھی کہ پروگرام 21ویں چیلنجز کے پیش نظر ہونا چاہیے۔
معاون خصوصی نے مزید کہا کہ جرمنی اور جاپان کی حکومتوں نے اپنے لوگوں پر پیسہ لگایا ، عمران خان بھی پاکستانیوں پر سرمایہ کاری کررہےہیں، وزیراعظم کا ہر پروگرام پاکستانی عوام کو طاقت دینے کیلئے ہے۔
خیال رہے وزیراعظم عمران خان آج ہنر مندپاکستان منصوبےکاآغازکریں گے ،ہنرمند جوان پروگرام کےتحت لاکھوں نوجوانوں کوفنی تربیت دی جائے گی۔
مزید پڑھیں : 50 ہزار نوجوانوں کوجدید ترین صلاحیتیوں پر مبنی تربیت دی جائے گی، عثمان ڈار
یاد رہے وزیراعظم کےمعاون خصوصی برائے یوتھ افیئرزعثمان ڈار کا کنونشن سینٹرکے دورے کے موقع پر کہنا تھا کہ ہنرمند جوان پروگرام کےتحت لاکھوں نوجوانوں کوفنی تربیت دی جائے گی، 50 ہزار نوجوانوں کوجدید ترین صلاحیتیوں پر مبنی تربیت دی جائے گی۔
عثمان ڈار نے کہا تھا آرٹیفیشل انٹیلی جنس،روبوٹکس،کلاؤڈ کمپیوٹنگ کےعلوم شامل ہوں گے، 70 مدارس میں بھی تکنیکی تعلیم کی فراہمی کا انتظام کیا جائے گا اور دوست ممالک کےاشتراک سے سینٹرآف ایکسیلینس قائم کیے جائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا ہنر یافتہ نوجوانوں کو عالمی اداروں کےخصوصی سرٹیفیکیٹس دیےجائیں گے، ہنر حاصل کرنیوالےنوجوان قرض حاصل کرکے اپنا روزگارشروع کر سکیں گے، پروگرام کے تحت ملک میں نیشنل اکریڈیٹیشن کونسل کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔