اسلام آباد: وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ڈیلی ویجز ملازمین کو نوکریوں سے برطرف کرنے کا عمل شروع کرتے ہوئے متاثرین کو لیٹرز جاری کر دیے۔
ذرئع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ ہیڈ آفس کی جانب سے براہ راست کوئی لیٹر جاری نہیں کیا گیا بلکہ ریجنل مینجرز کی جانب سے ڈیلی ویجز ملازمین کو برطرف کرنے کے لیٹرز جاری کیے گئے ہیں جبکہ کئی کو زبانی بھی نوکری سے فارغ کرنے کی احکامات جاری کیے گئے۔
جاری کیے گئے لیٹرز میں لکھا ہے کہ آپ کو ملازمت سے فوری برطرف کیا جاتا ہے۔ ان میں ڈیلی ویجز ملازمین کو متعلقہ اکاؤنٹ آفیسرز سے حساب کلیئر کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف کی شرط پوری! سرکاری ملازمین کے لئے بڑی خبر آگئی
ذرائع کے مطابق کارپوریشن کے ڈیلی ویجز ملازمین کی تعداد 3 ہزار سے زائد ہے اور تمام کو برطرف کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
آل پاکستان ورکرز الائنس نے برطرفیوں کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ڈیلی ویجز ملازمین کو آج ہی برطرف کرنے کا حکم ملا ہے جس کی مذمت کرتے ہیں کیبوکہ یہ ایک ظالمانہ فیصلہ ہے۔
22 جنوری 2025 کو خبر آئی تھی کہ وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے آپریشنز بند کر کے اثاثے اور پراپرٹی حفاظتی تحویل میں لینے کی تیاری کی ہے۔
کابینہ نے اس حوالے سے کمیٹی بنائی تھی جبکہ ذرائع نے بتایا تھا کہ وفاقی وزیر صنعت وپیداوار 7 رکنی کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔
وزیر مملکت خزانہ و ریونیو اور وزیر مملکت آئی ٹی، وفاقی سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری صنعت و پیداوار کمیٹی کے ارکان میں شامل ہیں جبکہ سیکرٹری نجکاری اور سیکرٹری بی آئی ایس پی بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ کمیٹی کارپوریشن کے ملازمین سرپلس پول میں شامل کرنے کیلیے انتظامات کا جائزہ لے گی جبکہ ان کو دیگر حکومتی اداروں کی آسامیوں میں ضم کرنے کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔