اتوار, نومبر 17, 2024
اشتہار

بھارت: ریزورٹ میں لڑکی کا پراسرار قتل، آخری میسجز کے اسکرین شاٹ منظر عام پر

اشتہار

حیرت انگیز

نئی دہلی: بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں ایک ریزورٹ میں قتل کی گئی لڑکی کے کیس میں نئے انکشافات ہوئے ہیں، مقتولہ کے آخری پیغامات کے اسکرین شاٹس منظر عام پر آگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اترا کھنڈ کے ریزورٹ میں قتل کی گئی انکتا بھنڈاری کی لاش چیلا بیراج سے برآمد کرلی گئی اور پوسٹ مارٹم کے بعد میت کو اہل خانہ کے سپرد کر دیا گیا۔

موت سے قبل متاثرہ کی جانب سے اپنے دوستوں کو ارسال کیے گئے پیغامات منظر عام پر آرہے ہیں۔ ان پیغامات میں سے ایک میں انکتا نے اپنے دوست کو مطلع کیا تھا کہ ملزم پلکت آریہ اسے جسم فروشی میں دھکیلنے پر آمادہ ہے، مقتولہ کے پیغامات کا اسکرین شاٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔

- Advertisement -

سامنے آنے والے پیغامات میں انکتا بتا رہی ہے کہ اسے کس طرح گاہکوں کو اسپیشل سروس فراہم کرنے کے لیے مجبور کیا جا رہا ہے اور اس کے عوض اسے 10 ہزار روپے کی پیشکش کی جا رہی ہے۔

ان پیغامات کے وائرل ہونے کے بعد پولیس بھی ان کی تحقیقات کر رہی ہے، پولیس عہدیداروں کے مطابق بادی النظر میں ایسا لگتا ہے کہ یہ تمام پیغامات متاثرہ کے ہی ہیں، اس کی تصدیق کے لیے فرانزک جانچ کروائی جا رہی ہے۔

اس سے قبل متاثرہ کے ایک فیس بک فرینڈ نے کہا تھا کہ متاثرہ کو اس لیے مارا گیا کیونکہ اس نے پلکت آریہ کے دباؤ ڈالنے کے باوجود ریزورٹ میں آنے والے مہمانوں کے ساتھ جسمانی تعلقات قائم کرنے سے انکار کر دیا تھا، جس رات اس نے اپنے دوست کو فون کر کے اس کی اطلاع دی، اس کے بعد سے ہی متاثرہ کا فون ناقابل رسائی ہو گیا۔

دوستوں کی مسلسل کوششوں کے بعد بھی جب متاثرہ کا فون نہیں لگا تو انہوں نے پلکت آریہ کو فون کیا۔

تب پلکت آریہ نے کہا تھا کہ متاثرہ اپنے کمرے میں سونے گئی ہے لیکن اگلے دن جب متاثرہ کے دوستوں نے پلکت کو ایک بار پھر فون کیا تو اس بار اس کا فون بھی بند تھا۔

یار رہے کہ معاملہ کا مرکزی ملزم پلکت آریہ اس ریزورٹ کا مالک ہے، جہاں انکتا ملازمت کرتی تھی۔ پلکت ہریدوار کے بی جے پی لیڈر ونود آریہ کا بیٹا ہے، جو اتراکھنڈ ماٹی کلا بورڈ کے چیئرمین رہ چکے ہیں۔

بی جے پی لیڈر کے بیٹے نے غیر قانونی طریقے سے ضلع کے یمکیشور بلاک میں اس ریزورٹ کو تعمیر کروایا، جسے جمعہ کے روز مسمار کر دیا گیا۔

وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے ہفتہ کے روز کہا کہ ملزمان کے غیر قانونی طور پر تعمیر کیے گئے ریزورٹ پر بلڈوزر کے ذریعے گزشتہ رات دیر گئے کارروائی کی گئی ہے، گھناؤنے جرم کے قصور واروں کو بخشا نہیں جائے گا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں