اسلام آباد : ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف دوروزہ دورے پرآج پاکستان پہنچیں گے، دورے کے دوران ازبک صدراور وزیراعظم عمران خان کی ون آن ون ملاقات ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف دوروزہ دورے پرآج پاکستان پہنچ رہے ہیں، ازبک صدر کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی اسلام آباد آئے گا۔
دورے کے دوران ازبک صدر اور وزیراعظم عمران خان کی ون آن ون ملاقات ہوگی ، جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان اہم موضوعات زیر گفتگو آئیں گے، جن میں باہمی دلچسپی کے امور اور عالمی صورتحال پر غور شامل ہے۔
پاکستان اور ازبکستان کے درمیان وفودکی سطح پربھی بات چیت ہوگی جبکہ ازبکستان کے صدر مرزایوف کی صدرعارف علوی سے الگ ملاقات ہوگی، جس میں پاکستان، ازبکستان،افغانستان کوجوڑنےوالے ٹرانس افغان ریلوے منصوبے پر بات کی جائے گی۔
خیال رہے 2016 میں منصب سنبھالنے کے بعد صدر شوکت مرزایوف کا پہلا پاکستان کا دورہ ہوگا جبکہ وزیراعظم عمران خان نےجولائی 2021 میں ازبکستان کا دورہ کیا تھا۔