کراچی: انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے لیاری گینگ کے سرغنہ عزیربلوچ کو چودہ روزہ ریمانڈ پورا ہونے پرجیل بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے پولیس کو چودہ روزمیں چالان جمع کرانے کی ہدایت جاری کردی۔
تفصیلات کے مطابق لیاری گینگ وارکے بنیادی کردار سردارعزیربلوچ کو آج چودہ روزہ ریمانڈ پورا ہونے پر انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے جبکہ عزیر بلوچ کو منہ پر سفید کپڑا ڈال کر عدالت میں پیش کیا گیا۔
سماعت کے بعد عدالت نے سردار عزیر بلوچ کو جیل بھیجنے کا حکم صادر کرتے ہوئے پولیس کو ہدایت کی وہ چودہ روز میں ملزم کے خلاف چلان پیش کریں تاکہ ہائی پروفائل کیس میں جاری عدالتی کاروائی کا عمل تیز تر ہوسکے.
یاد رہے لیاری گینگ وار کے سرغنہ کے خلاف قتل،اقدام قتل،اغواء برائے تاوان اور بھتہ خوری کی سینکڑوں ایف آئی آر درج ہیں،دورانِ تفتیش ملزم کا کہنا تھا کہ اُس نے یہ کاروائیاں سندھ حکومت کے چند سابق وزراء کے کہنے پر کیں تھیں جبکہ سہولت کار کے طور پر پیپلز پارٹی کراچی کے سابق صدرعبد القادر پٹیل کا نام لیا تھا۔
واضع رہے قادر پٹیل تین سالہ طویل جلاوطنی ختم کرنے کے بعد حال ہی میں دبئی سے کراچی آئے ہیں انہوں نے خود کورینجرز کی تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش کیا۔