لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ فتنہ اس وقت اڈیالہ جیل میں موجود ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پہلے سول نافرمانی کی کال دی جو مس کال ثابت ہوئی، فتنہ اس وقت اڈیالہ جیل میں ہے دوست ملک بھی جانتے ہیں فتنہ کون ہے۔
انہوں نے کہا کہ برسر اقتدار جو کہتے تھے این آر او نہیں دیں گے آج گھٹنوں کے بل این آر او مانگ رہے ہیں۔
عظمی بخاری نے کہا کہ ایک شخص کی سازش ہے کہ اداروں اور ملک کو نقصان پہنچانا ہے۔ ادھر تو پھونکوں تعویزوں اور گنڈوں کی حکومت تھی۔ جلاؤ گھیراؤ کے باوجود پاکستان آگے بڑھ رہا ہے۔کہتا رہا این آر او نہیں دو اب گھٹنوں پر این آر او مانگ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب وہ کہتا ہے کہ مجھ سے جیل میں نہ ملو بلکہ مجھے کسی طرح این آر او کرکے باہر نکالو۔قوم کے بچے غلیلیں بنائیں اور اسلحہ لہرائیں لیکن ان کے اپنے بچے لندن میں عیاشیاں کررہے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ علی امین گنڈا پور اور ان کی کابینہ کرپشن میں ملوث ہے۔ خیبرپختونخوا میں نئی بھرتی وزیرتعلیم میٹرک فیل تھے۔ کے پی میں مساجد کے نام پر 26 نومبر سے پہلے 2 ارب روپے بٹورے گئے۔ 12 سال سے نالائق شخص کی حکومت کی وجہ سے تکالیف میں اضافہ ہو رہا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ ان لوگوں کو صرف یہ فکر ہے کہ خان کو اڈیالہ جیل میں بھنا مرغی کا گوشت مل رہا ہے یا نہیں۔